23 جولائی 2026 - 17:45
ٹرمپ نے ایران اور انصار اللہ کو دھمکیاں دے دیں، یمن نے بحری کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا

یمن کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری محاصرہ نافذ کرنے اور بحیرۂ احمر میں دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور انصار اللہ کو سخت فوجی کارروائی کی دھمکی دی، جبکہ یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ "آنکھ کے بدلے آنکھ" کی حکمت عملی کے تحت بحری آپریشن جاری رہیں گے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمن کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری محاصرے کے اعلان اور اس پر عملی اقدامات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ اگر اس نوعیت کے حملے دوبارہ ہوئے تو امریکہ ایران کو اس کا ذمہ دار سمجھے گا۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر یہ دعویٰ دہرایا کہ یمن کی انصار اللہ تحریک ایران کی حمایت یافتہ تنظیم ہے اور کہا کہ ایسی صورت میں ایران اور حوثیوں دونوں کے خلاف سخت فوجی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یمنی جنگجو اب تک ایران سے متعلق جنگ کے دوران "ذمہ دارانہ" رویہ اختیار کیے ہوئے تھے، تاہم موجودہ صورتحال پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ انصار اللہ سے "انتہائی مایوس" ہیں کیونکہ ان کے بقول وہ پہلے زیادہ "پیشہ ورانہ اور دانشمندانہ" انداز میں عمل کر رہے تھے۔

یمن: تقریباً 10 جہازوں کو واپس جانے پر مجبور کر دیا

دوسری جانب یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا کہ یمنی افواج نے بحیرۂ احمر میں دو سعودی آئل ٹینکروں کو متعدد میزائلوں اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یمنی کارروائیوں کے نتیجے میں تقریباً 10 بحری جہازوں کو اپنا راستہ تبدیل کرکے واپس جانے پر مجبور ہونا پڑا۔

یحییٰ سریع نے واضح کیا کہ یمنی مسلح افواج سعودی عرب کے خلاف اپنی بحری کارروائیاں اس وقت تک جاری رکھیں گی جب تک "آنکھ کے بدلے آنکھ" کی پالیسی پر عمل درآمد مکمل نہیں ہو جاتا۔

یاد رہے کہ یحییٰ سریع نے پیر کے روز "محاصرہ کے بدلے محاصرہ" کی حکمت عملی کے تحت سعودی عرب پر بحری محاصرہ اور اس کی جہاز رانی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha